• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زخم زرداری نے دیا،جعلی راجکماری عمران خان پر برس رہی ، فردوس عاشق

لاہور(خصوصی رپورٹر)معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ن لیگ کو زخم زرداری نے دیاہے مگر جعلی راجکماری اپنی کنیزوں کی سنگت میں عمران خان پر برس رہی ہے۔ بینظیر کے قاتلوں کے وکیل کو یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں کھڑ ا کرکے جعلی راجکماری کےبلاول سے مدد مانگنے کا یہی نتیجہ نکلنا تھا - جعلی راجکماری بے نظیر بننے نکلی تھی مگر آصف زرداری نے بیگم صفدر بناکر واپس بھیج دیا- جعلی راجکماری نے اپنی توپوں کا رخ وزیراعظم عمران خان کی طرف موڑ رکھا ہے -چینی پر اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی کا الزام لگانے والے بھول گئے کہ اپنے دور حکومت میں 27 ارب روپے کی سبسڈی اپنے بھتیجوں،بھانجوں، بیٹوں اور یاروں دوستوں میں بانٹ دی تھی -یہ ہماری حکومت کا اعزاز ہے کہ ہم نے اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دینے کے معاملے کی غیرجانبدارانہ انکوائری کروائی اور ذمہ داروں کوکٹہرے میں لا کھڑا کیا -پنجاب حکومت بے سہارا اور نادار خواتین کو معاشرے میں وقار اور عزت کے ساتھ جینے کے قابل بنانے کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے ۔پنجاب کے ہر ضلع میں دارالاامان قائم کئے گئے ہیں جو خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہے ہیں ۔مولانا کی رینٹ اے کراؤڈ کی فلاسفی آگے نہیں بڑھ سکتی جو حکومت کو گرانے نکلے تھے وہ ایک دوسرے کو گرا کر جائیں گے- ان خیالات کااظہار انہوں نےہفتہ کے روزلاہور دارالامان کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہاکہ مریم نواز کو سیاست نہیں آتی وہ صرف اداکاری کرسکتی ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے ان کو یہ موقع میسر نہیں ہوا -سیاسی نابالغ بچے سیاست کے اتار چڑھاؤ کو نہیں سمجھ سکتے -انہیں مزید سیکھنا ہے، زرداری ن لیگ کو گڑھی خدابخش میں سجدہ زیر کروا چکے ہیں - ابھی یہ اتحاد تڑک کر کے ٹوٹا ہی ہے کہ دونوں نے ایک دوسرے کو بے نقاب کرنا شروع کردیاہے - پی ڈی ایم ایک قصہ ماضی ہے ۔ کورونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے بہت سے لوگ متاثر ہورہے ہیں - لوگ پیار سے نہیں سمجھ رہے تو سختی سے عمل درآمد کروانے کی ضرورت پڑے گی -سمارٹ لاک ڈاؤن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے اس لیے سختی کرنا ہو گی۔معاون خصوصی نے دارالامان میں مقیم خواتین کو تحائف بھی پیش کیے۔
تازہ ترین