پشاور(سٹاف رپورٹر) وزاعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیر اعظم کی مانسہرہ آمد کے موقع پر ہزارہ یونیورسٹی دو دن کیلئے بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور سیاسی مقاصد کیلئے یونیورسٹی بند کرنے پر انتظامیہ سے جواب طلب کیا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ہزارہ یونیورسٹی کی انتظامیہ نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی مانسہرہ کے دورے کے موقع پر یونیورسٹی دو دن کیلئے بند کی تھی ، ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے یونیورسٹی کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ہزارہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کی سرزنش کی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے ہزارہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کو ایک خط جاری کیا گیا ہے جس میں انتظامیہ سے جواب طلب کیا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کیلئے یونیورسٹی کیوں دو دن کیلئے بند کی گئی تھی؟