پشاور ( وقائع نگار) پیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران کے انتخاب کیلئے الیکشن کا انعقاد ہوا جس میں پیسکو کے تمام انجینئرز نے متفقہ طور پر ایسوسی ایشن کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے تمام ممبران کو بلا مقابلہ منتخب کیا اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر جبار خان اور ایس ای جی ایس او بھی موجود تھے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال کورونا وائرس کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوسکے تھے لہذا اس سال اس کا انعقاد تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عمل میں لایا گیا ۔ انجینئر محمد ریاض کو متفقہ طور پر ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا ۔ انجینئر ظفر اقبال نائب صدر، انجینئر عمر افتخار جنرل سیکرٹری جبکہ انجینئر طاہر اسلام کو انفارمیشن سیکرٹری سمیت دیگر افراد کو منتخب کر لیا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پیسکو انجینئر جبار خان نے کاشف فرحان کو ان کی 30 سالہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا انہوں نے مزید کہا کہ پیسکو ہم سب کا ادارہ ہے اور ہم نے اس ادارے کے ذریعے عوام کی خدمت اپنا فرض عین سمجھ کر کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت چیف ایگزیکٹو وہ سٹاف ، آفیشلز اور گاڑیوں کی کمی وغیرہ جیسی صورتحال سے واقف ہیں اور یہ پریشان کن حالات ہم سب کیلئے یکساں حیثیت اور معنی رکھتے ہیں جس کے بارے میں انہوں نے وقتاً فوقتاً افسران بالا کو آگاہ کیا اور کرتا رہوں گا لیکن ہم نے اپنے فرائض کی ادائیگی اور خصوصاً عوام کی خدمت کیلئے کسی بھی کمی کو نظرانداز کرتے ہوئے اپنی فرض کی بجا آوری یقینی اور ممکن بنانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اخلاق اور ہمارا عزم ہی عوام کے نزدیک ہماری قدر میں مزید اضافہ کرے گا اور اپنی بے لوث خدمت کے ذریعے ہی ہم اپنے ادارے اور ملک کو مزید ترقی دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات سے نبرد آزما ہونا ہی ہمارا کام اور ہمارا مقصد ہے اور اسباب اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود اپنے حدف کی تکمیل ہی ہمارا طرہ امتیاز ہے ۔