نہر سوئز میں پھنسے تائیوان کے ایور گرین نامی مال بردار بحری جہاز کے مالک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چھ روز تک نہر سوئز بلاک کرنے والا جہاز مڑا ہے لیکن ابھی تیرنا شروع نہیں کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جہاز 30 ڈگری زاویے پر پھنسا ہوا تھا جس میں اب آسانی ہوئی ہے، آج صبح سے اب تک 11 ٹگ کشتیاں جہاز کوکھینچ رہی ہیں۔
ترجمان کے مطابق جہاز کے اگلےحصے کو نقصان پہنچنے کے علاوہ مزید نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ نہر سوئز میں پھنسے مال بردار جہاز کو نکال لیا گیا ہے لیکن تجارتی راستہ جہازوں کی آمدورفت کیلئے نہیں کھولا گیا۔
سوئز کنال میں بحری جہاز پھنسنے سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، دنیا کی اہم تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے یومیہ 9 ارب ڈالر مالیت کی تجارت متاثر ہوئی، تجارتی نقل و حمل کے نقصان کا تخمینہ 400 ملین ڈالر فی گھنٹہ لگایا گیا ہے۔
مال بردار جہاز منگل کو نہر سوئز میں پھنس گیا تھا، نہر سوئز میں بحری جہاز پھنسنے سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا کیونکہ جہاز پھنسنے سے سیکڑوں مال بردار جہاز رک گئے تھے۔
یاد رہے کہ دس فیصد سے زائد عالمی تجارت نہر سوئز کے راستے ہوتی ہے، نہر سوئز ایشیا اور یورپ کے درمیان مختصر ترین سمندری راستہ ہے، مصری عملے کی کوششوں سے جہاز دوبارہ سفر کے قابل ہوا