اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیرِ اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے لئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی جبکہ وزیر اعظم نے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر کو ہدایت کی ہے کہ غریب آدمی کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کیا جائے ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت گلگت بلتستان کی ترقی کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔اجلاس میں گلگت بلتستان کی ترقی کے لئے تاریخی پیکیج کی منظوری دی گئی۔عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی بدولت خطے میں جہاں تعمیر و ترقی کا نیا باب روشن ہوگا وہاں علاقے کے مسائل کا موثر حل اور نوجوانوں کو نوکریوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔گلگت بلتستان کی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،گلگت بلتستان میں سیاحت کا بے شمار پوٹینشل موجود ہے جسے بروئےکار لانے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم نے نئے وزیر خزانہ حماد اظہر کو ہدایت کی ہے کہ غریب آدمی کو ہر قسم کا ریلیف فراہم کیا جائے ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان سے حماد اظہر نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی‘ملاقات میں ملکی معیشت اور مختلف عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے حماد اظہر کو ہدایت کی کہ غریب آدمی کی مشکلات کو حل کر نے کے لئے ہر اقدام عمل میں لایا جائے۔