کوہاٹ(نمائندہ جنگ )پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ پی ڈی ایم افواج پاکستان کے خلاف ہے ہم ایسی سوچ کی مذمت کرتے ہیں افواج پاکستان اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہے تاہم سیاست میں اس کی مداخلت جمہوریت کی بربادی ہے حکومتوں کو جمہوری انداز میں پنپنے کا موقع ملنا استحکام کا باعث بنتا ہے وہ کوہاٹ پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کر رہے تھے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوری سیاسی قوتوں کو یکجا کرنے کا سہرا مولانا فضل الرحمٰن کے سر جاتا ہے جنہوں نے ملک کی اقتصادی اور بد امنی کی فضا کو ختم کرنے ،سیاسی اداروں کو مضبوط کرنے اور غلط پالیسیوں کا راستہ روکنے کیلئے جمہوری سوچ کو پروان چڑھایا ان کا منعقد اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے کی طرف توجہ دلانا تھا اداروں کے آزاد رہنے سے ہی ملک ترقی کرتا ہے انہوں نے کہا کہ خفیہ قوتوں کی مداخلت سے جمہوریت کو نقصان پہنچتا ہے اسمبلیوں کے ممبران کی خریدو فروخت کیلئے منڈیا ں لگنا باعث شرم ہے اور یہی حالات عوامی بغاوت کی طرف جا رہے ہیں اس سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ آئین کی بالادستی کو قائم رکھا جائے اور آئین میں درج اختیارات سے تجاوز نہ کیا جائے جمہوری ادارے آزاد ہوں تو وہ مضبوط ہوں گے اور عوامی مسائل کی طرف توجہ دینے کے قابل ہوں گے ۔