• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوشکا کی بچے کی پیدائش کے بعد فلموں میں دوبارہ آنے کی خواہش نہ تھی

بھارتی اداکارہ انوشکا شرما سے متعلق انکشاف سامنے آیا ہے کہ وہ بچے کی پیدائش کے بعد دوبارہ فلموں میں واپس آنے کی خواہشمند نہیں تھیں۔ 

خیال رہے کہ انوشکا شرما نے شوٹنگ پر دوبارہ واپسی کرلی ہے، جبکہ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کے 4 ماہ بعد کام پر واپس آئیں گی۔ 

تاہم آج سے تقریباً 10 سال قبل ایک انٹرویو کے دوران انوشکا نے واضح طور پر کہہ دیا تھا کہ وہ شادی اور بچوں کے بعد دوبارہ کام پر واپس نہیں آئیں گی۔ 

جب میزبان سیمی گریوال نے ان سے سوال کیا کہ شادی ان کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے تو انھوں نے جواب دیا تھا کہ ’شادی میرے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے، میں شادی کرنا چاہتی ہوں، میں بچے چاہتی ہوں، اور جب میں شادی شدہ ہوجاؤں گی تو ممکنہ طور پر دوبارہ کام پر نہیں آؤں گی۔‘

صرف یہی نہیں بلکہ انوشکا شرما نے اپنے والدین کو ان کا جیون ساتھی چننے کا بھی اختیار دیا ہوا تھا۔ 

انوشکا نے کہا تھا کہ ’میرا نہیں خیال کہ اس وقت مردوں کو پہچاننے کے میرے فیصلے درست ہیں۔ ایک موقع پر اگر مجھے ایسا لگا کہ اب مجھے سیٹل ہوجانا چاہیے اور اس وقت مجھے میرا پیار نہیں ملا تو پھر میں اپنے والدین کی جانب سے میرے لیے چنے گئے جیون ساتھی پر ہی اکتفا کروں گی، کیونکہ وہ میرے لیے یہ کام بہتر ہی کر سکتے ہیں، جس کا مجھے یقین ہے۔‘

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشکا شرما کی بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے ایک اشتہار کے شوٹ کے دوران ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے اور دونوں نے دسمبر 2017 میں شادی بھی کرلی تھی۔ 

اس سپر اسٹار جوڑے نے رواں برس فروری میں اپنے بچے کو خوش آمدید کہا ہے۔

انوشکا شرما نے ایک بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بچے کی پیدائش کے فوراً بعد ہی کام پر واپس آجائیں گی۔ 

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے گھر میں ہی ایسا نظام بنانا چاہتی ہیں کہ جس کی مدد سے وہ اپنے بچے، گھر اور پیشہ ورانہ زندگی کو برابر وقت دے سکیں۔ 

تازہ ترین