وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، حکومت اور جہانگیر ترین میں اب کافی فاصلہ ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جہاز تو اب بچوں کے ہوگئے ہیں جو بچپن میں کاغذ کے چلاتے تھے۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف، حمزہ کی سیاست الگ اور نواز شریف، مریم کی سیاست الگ ہے، ٹکراؤ کی سیاست نواز شریف اور مریم نواز کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے عمران خان کو پہلے سے زیادہ مضبوط کیا ہے۔ رمضان کے بعد کسی نے لانگ مارچ کیا تو وہ علامتی ہوگا۔
دوسری جانب مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا ’آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ‘ بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شوگر ملز کے معاملے میں جہانگیر ترین کو ٹارگٹ نہیں کیا جارہا۔ خسرو بختیار کمپنی کے نہ ڈائریکٹر ہیں اور نہ ہی شیئر ہولڈر ہیں، ہم کسی کے خلاف کارروائی کو نہیں روک رہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانگیر خان ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کے خلاف مبینہ فراڈ اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نجی آڈٹ فرم میری کمپنیوں کے اکاؤنٹس کو پہلے ہی درست قرار دے چکی ہے۔