پشاور(وقائع نگار) باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پشاور کے قریب واقع علاقہ باڑہ گیٹ، الفیصل اسٹریٹ و دیگر علاقوں میں رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری عاجز آگئے ۔ بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ رات بھر بجلی کا غائب ہونا اپنی جگہ اب تو دن کے وقت بھی ہر گھنٹہ بعد دو گھنٹوں کیلئے بجلی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جس سے صارفین پریشانی کا شکار ہے۔ بجلی صارفین شہزاد اکبر، رفیق جان اور مکرم نے کہا ہے کہ انہیں طویل لوڈشیڈنگ کے بارے میں نہیں بتایا جارہا حالانکہ ان کے بجلی فیڈرز پر بھی بوجھ نہیں۔علاقہ میں بین الا قوامی این جی او ز والوں نے ایک پراجیکٹ کے تحت میٹرز کو بھی کھمبوں کیساتھ ترتیب سے لگائے ہیں تاکہ کوئی چوری نہ کرسکیں۔ صارفین کے مطابق علاقہ میں زیادہ تر ائیرفورس کے سرکاری اہلکار و نجی کمپنیوں میں کام کرنے والے اہلکار رہائش پزیر ہیں۔علاقہ کے عوام نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان اور پیسکو چیف سے علاقہ باڑہ گیٹ میں 16 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔