• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمایوں سعید بھی بابر اعظم کی عمدہ پرفارمنس پر خوش

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار ہمایوں سعید بھی جنوبی افریقا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے بنائی گئی سنچری پر بےحد خوش ہیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ہمایوں سعید نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی تصویر شیئر کی جس میں سنچری مکمل کرنے کے بعد گراؤنڈ میں سجدہ ریز ہیں۔

ہمایوں سعید نے یہ خوبصورت تصویر شیئر کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میچ میں فتح پر مبارکباد دی۔

اداکار نے لکھا کہ ’خصوصاََ! کپتان بابر اعظم کو بہت مبارک ہو، جنہوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنا ڈالی۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آگے کے تمام میچز کے لیے بھی میری تمام نیک خواہشات قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔‘

واضح رہے کہ سنچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف بابر اعظم نے پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 104 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی۔

انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امام الحق کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ پر 177 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابراعظم نے ایک روزہ کیریئر میں 13 سنچریاں مکمل کرلی ہیں، انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 4، سری لنکا کے خلاف 3، زمبابوے کے خلاف 2 اور جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف 1،1 سنچری اسکور کر رکھی ہے۔

پاکستان نے 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 3 وکٹ سے شکست دی۔

تازہ ترین