• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرمیلا فاروقی بھی ریکھا کی دیوانی ہوگئیں

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی بھی بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا کی خوبصورتی کی دیوانی ہوگئیں۔

سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک رہنے والی پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا کی دلکش تصویر شیئر کی ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر میں ریکھا نے اپنا روایتی انداز اپنا ہوا ہے یعنی وہ خوبصورت بنارسی ساڑھی میں ملبوس ہیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریکھا نے گجرا بھی لگایا ہوا ہے اور وہ کسی بات پر حیرانگی کا اظہار کررہی ہیں۔

ریکھا ہمیشہ کی طرح اس تصویر میں بھی بےحد حسین لگ رہی ہیں۔

شرمیلا فاروقی نے ریکھا کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس خاتون کی عُمر کیوں نہیں جھلکتی؟ یہ اس عُمر میں بھی کس قدر حسین ہیں۔

پی پی رہنما کے ٹوئٹ پر ایک صارف نے لکھا کہ ’میں اس خاتون کو نہیں جانتا ہوں لیکن میرے اندازے سے ان کی عُمر 40 یا 45 سال ہے۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھا اب تک 180سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔

اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔

بالی ووڈ فلم نگری کے لیے بے مثال خدمات انجام دینے والی ریکھا نے امراؤ جان،خون بھری مانگ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، گھر، مقدر کا سکندر، جدائی، جیون دھارا، سلسلہ، مجھے انصاف چاہیے، پھول بنے انگارے اور لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت لاتعداد ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔

تازہ ترین