• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکاری کے بعد ریکھا کی گلوکاری کے بھی چرچے

بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا کی گلوکاری کرتے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

گزشتہ روز بھارت سمیت دُنیا بھر میں ہندو برداری کا مذہبی تہوار ’ہولی‘ بڑے ہی جوش و خروش سے منایا گیا۔

’ہولی‘ کے موقع پر جہاں بالی ووڈ اداکاروں نے تہوار مناتے ہوئے اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کیں تو وہیں ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے سینئر اداکارہ ریکھا کی یادگار ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کردی۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریکھا بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں موجود ہیں۔

ریکھا نے ویڈیو میں کہا کہ ’اب بریکنگ آئے گی کہ ریکھا جی اب صرف اداکارہ نہیں بلکہ ایک بہترین گلوکارہ بھی ہیں۔‘

اس کے بعد ریکھا نے اپنی خوبصورت آواز میں ہولی کی مناسبت سے تیار کیا گیا مشہور بالی ووڈ گانا ’رنگ برسے‘ گنگنایا۔

ریکھا کی آواز میں گانا ’رنگ برسے‘ سننے کے بعد ناصرف کپل اور نجوت سنگھ سدھو نے اُن کی تعریف کی بلکہ وہاں موجود سامعین نے بھی ریکھا کی گلوکاری کو خوب سراہا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری میں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی ریکھا اب تک 180سے زائد فلموں میں کئی لازوال کردار نبھا چکی ہیں۔

اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔

بالی ووڈ فلم نگری کے لیے بے مثال خدمات انجام دینے والی ریکھا نے’امراؤ جان‘،خ’ون بھری مانگ، کھلاڑیوں کا کھلاڑی، گھر، مقدر کا سکندر، جدائی، جیون دھارا، سلسلہ، مجھے انصاف چاہیے، پھول بنے انگارے اور لجا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سمیت لاتعداد ایوارڈز اپنے نام کیے۔

تازہ ترین