• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ، سابق ڈی جی LDA احد چیمہ کی آخری ریفرنس میں بھی ضمانت منظور

لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کی ضمانت منظور کرلی، اس طرح احد چیمہ کی آخری ریفرنس میں ضمانت ہوگئی ہے،جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے دس 10 لاکھ روپے کے دو مچلکوں کے عوض احد خان چیمہ رہائی کا حکم دیا،قبل ازیں دوران سماعت عدالت نے تفصیلی جواب داخل کرانے کیلئےنیب پراسیکیوٹر کی مہلت کی استدعا مسترد کردی ،عدالت کے روبروامجد پرویزایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ احد چیمہ تین سال سےکیمپ جیل میں قید ہے،90 روز تک نیب نے اپنی تحویل میں رکھا ، نیب والے آج پھر جواب داخل کرانے کیلئے مہلت مانگ رہےہیں، کیس کے 210گواہوں میں سے 48کے بیان قلمبند ہوسکے ہیں، ٹرائل تاخیر کا شکار ہے، عدالت نے استفسار کیاکیا پیش نہ ہونے والے گواہوں اور بے نامی داروں کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا ٹرائل کورٹ کی رپورٹ اور تفصیلی جواب کیلئے مہلت دی جائے، درخواست گزار کے وکیل بارہ سے زیادہ تاریخیں ٹرائل کورٹ میں لے چکے ہیں،نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزم کے خلاف پہلے 44 کروڑ95 لاکھ روپے کا ریفرنس بنایا اور بعد ازاں 226 ملین روپے کا ترمیمی ریفرنس بنایا،امجد پرویز نے کہا کہ احد چیمہ کے اثاثے آمدن کے مطابق ہیں ، نیب نے رشتہ داروں کے اثاثے بھی احد چیمہ کے ظاہر کردئیے ہیں، نیب نے احد چیمہ پر 57 کروڑ سے زائد کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہ رکھنے کا الزام لگایا، احد چیمہ کے رشتہ داروں کی جائیداد بے نامی دار کے زمرے میں نہیں آتی،ہائیکورٹ نے آشیانہ ہائوسنگ کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے احد چیمہ کی امدن سےزائد اثاثہ جات کا ٹرائل چارماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا، ہائیکورٹ کے حکم کو گیارہ ماہ ہوچکے ہیں، ابھی ایک سو گواہوں کے احتساب عدالت میں بیانات قلمبند ہونا باقی ہیں، احتساب عدالت میں احد چیمہ کا ٹرائل جلد مکمل ہونے کا امکان نہیں ہے، استدعا ہے کہ عدالت احد چیمہ کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

تازہ ترین