• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائم علی شاہ کی بیٹی ریٹائرمنٹ سے قبل ڈاؤ یونیورسٹی میں پرو وی سی مقرر

کراچی( سید محمد عسکری) سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی پروفیسر نصرت شاہ کو ریٹائرمنٹ سے محض ایک ماہ قبل سیاسی بنیادوں پرغیر معینہ مدت تک کے لیے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کا پرووائس چانسلر مقرر کردیا گیا ہے وہ آئندہ ماہ 5؍ مئی کو ریٹائر ہوں گی۔

 دہرے چارج کے حامل ایڈیشنل سیکرٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں نصرت شاہ کی مدت ہی معین نہیں ہے اس طرح سندھ کی تاریخ میں کسی پی وی سی کا یہ پہلا نوٹیفکیشن ہے جس میں مدت کا ذکر ہی غائب کردیا گیا ہے۔ 

قواعد کے مطابق نوٹیفکیشن میں مدت یا ریٹائرمنٹ کا ذکر ہونا چاہئے تھا۔سندھ حکومت نے جنوری 2020ء کو سندھ کی جامعات کے 11؍ پرو وائس چانسلرز کو اس بنیاد پر فارغ کردیا تھا کہ وہ ریٹائرڈ تھے کیوں کہ جب اس بارے میں قانونی رائے لی گئی تو اسے جامعات کے ایکٹ کیخلاف پایا گیا۔ ایکٹ کے مطابق صرف حاضر سروس پروفیسر ہی پرو وائس چانسلر بن سکتا ہے۔ 

اسی بنیاد پر ڈائو میڈیکل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر کرتار دیوانی اور پروفیسر زر ناز واحد کو بھی ہٹادیا گیا تھا لیکن وہ عدالت چلے گئے اور اسٹے لے لیا تاہم یہ کیس تاحال زیر سماعت ہے۔ 

اس تناظر میں پروفیسر نصرت شاہ 5 مئی تک پی وی سی رہیں گی کیوں کہ وہ اس تاریخ کو ریٹائر ہوں گی مگر محکمہ بورڈز نے نوٹیفکیشن میں مدت یا ریٹائرمنٹ کی تاریخ کا ذکر غائب کرکے ان کے غیر معینہ مدت تک کیلئے پی وی سی رہنے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی ہے۔

 جنگ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو سے جب نصرت شاہ کی تقرری اور مدت کے حوالے سے سوال کیا تو انھوں نے جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین