• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ سے تعلقات خراب کرنیکی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی، شیخ رشید

اسلام آباد ( طا ہر خلیل)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات اخوت اور محبت کی بنیاد پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کیا۔وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور کراچی میں 2011 میں سعودی سفارتکار کی ہلاکت سے متعلق ملزمان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی سفارتکار کی پاکستان میں ہلاکت دہشت گردی کی بد ترین کارروائی تھی، واقعہ کا بظاہرمقصد پاک سعودی عرب تعلقات کو خراب کرنا تھا، دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث ملزمان قانون سے بچ نہیں سکیں گے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دیں گے ،انہوں نے کہا کہ پاک سعودی عرب تعلقات خراب کرنے کی کوئی بھی مذموم کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی بھائی چارے اور محبت پر مبنی ہیں، دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے۔ وزیر داخلہ نے خادمین حرمین شریفین کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہارکیا۔

تازہ ترین