• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی تیسری لہر، مزید 102 افراد جاں بحق، مثبت کیسز 9.6 فیصد

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، ایجنسیاں) کوروناکی تیسری لہرمیں شدت بڑھتی جارہی ہے،گزشتہ 24؍ گھنٹوں کے دوران مزید 102؍ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 9.6فیصدرہی۔ سندھ میں کورونا وائرس سے مزید چار مریض انتقال کر گئے اور 374 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں کورونا سے ہلاکتیں 15 ہزار اور کیسز 7 لاکھ سے تجاوز کر گئے، مساجدمیں اعتکاف پربیٹھنے والوں کے درمیان 6فٹ فاصلے کاحکم دیدیا گیا۔ سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41699 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4004 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی،اس طرح مثبت کیسز کی شرح9.6فیصدرہی جبکہ وائرس سے 102 ہلاکتیں ہوئیں۔ سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 15026 ہو گئی اور مجموعی کیسز 7 لاکھ 188 تک جاپہنچے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 64373 ہے۔اسکے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2631 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں جسکے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 620789ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں کےدوران پنجاب میں مزید 56 مریض جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے 2025 نئے کیسزکی تصدیق ہوئی جسکےبعد مجموعی تعداد 237,594 ہو گئی،صوبے میں اموات کی تعداد 6731ہوچکی ہے۔ جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 197,841 ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کورونا صورتحال پر اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 9411 ٹیسٹ کیے جانے پر 374 نئے کیسز سامنے آئے صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 4 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جسکے باعث ہلاکتوں کی تعداد 4520 ہوگئی ہے جو اموات کی شرح کا 1.7 فیصد ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت 5915 مریض زیر علاج ہیںجن میں 282 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی جن میں 35 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے۔سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 267238 ہوگئی ہے جبکہ 4516 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں، بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19942 اور ہلاکتیں 212 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 93862 اور 2496 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں 13713 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 380 افراد انتقال کرگئے۔اسکے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5064 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 62775 ہے اور اب تک 588 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ ادھررمضان المبارک میں نماز پنجگانہ و تراویح کی ادائیگی کیلئے ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں، 60 سال سے زائد عمر کے افراد مساجد نہیں جا سکیں گے، نمازیوں کے درمیان تین فٹ، اعتکاف بیٹھنے والوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھا جائیگا۔وزارت مذہبی امور پاکستان نے ماہ رمضان کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے، وزارت مذہبی امور نے رمضان المبارک میں نماز کی ادائیگی کیلئے ایس او پیز پر مبنی اعلامیہ جاری کر دیا، صدر مملکت کی علماء سے مشاورت کی روشنی میں متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جسکے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کے صحن ہوں وہاں صحن میں نماز پڑھائی جائے، 60 سال سے زیادہ عمر، کھانسی، نزلہ کے مریض مساجد میں نہ آئیں، مسجد اور امام بارگاہ کے احاطہ کے اندر نماز کا اہتمام کیا جائے۔فرش کو صاف کرنے کیلئے پانی میں کلورین کا محلول بنا کر دھویا جائے۔

تازہ ترین