لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل کبھی بھی حکمران طبقہ کی ترجیحات میں نہیں رہا ۔ وزیراعظم نے آدھی مدت اقتدار جھوٹےوعدوں اور دعوؤں سے گزار لی ، نہیں معلوم آنے والا وقت کیسے گزاریں گے۔ پی ٹی آئی حکومت ڈلیورنہیں کر سکتی تو لوگوں سے معافی مانگے اور گھر چلی جائے۔ عدالتوں،بنکوں،تعلیمی اداروں میں قرآن کے نظام کے نفاذ تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران جان لیں کہ انٹر نیٹ اور ٹیکنالوجی کے دور میں لوگوں کو ماضی کی طرح بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔ہماری تحریک کا مقصد پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنا کر دنیا میں عظیم ملک بناناہے ۔سراج الحق نے کہاوزیراعظم نے لوگوں کو کبھی مدینہ ریاست اور کبھی تبدیلی کے خواب دکھائے مگرآتے ہی وہ ہر میدان میں بری طرح ناکام ہوگئے ،پی ٹی آئی کی” سب کچھ بیچ دو “کی پالیسی سے مزید عدم استحکام آئے گا،سٹیٹ بنک تک کی خود مختاری کا سودا کرنےوالوں کو جان لینا چاہیے کہ یہ مسئلے کا حل نہیں ۔سراج الحق نے کہاکہ رمضان المبارک سر پر ہے مگر بازار میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیاہے، حالات کا تقاضا ہے کہ اس فرسودہ اور کرپٹ نظام سے چھٹکارے کے لیےایک موثر اور مربوط تحریک کے ذریعے لوگوں کو منظم کیا جائے ۔