• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب و وفاقی حکومت جہانگیر ترین کی جیب میں ہیں: رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ کل جہانگیر ترین کے ساتھ ایم این ایز اور ایم پی ایز موجود تھے، سمجھ لیں پنجاب اور وفاقی حکومت جہانگیر ترین کی جیب میں ہیں۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کل جہانگیر ترین کہہ رہے تھے کہ میرے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، انہوں نے نوے کی دہائی میں کاروبار شروع کیا، جہانگیر ترین نے کاروباری ہونے کے باوجود شریف فیملی پر ظلم کی مذمت نہ کی۔

انہوں نے کہا کہ آج جہانگیر ترین کہہ رہے ہیں کہ میرے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، اب امید ہے کہ جہانگیر ترین کو ہوائی جہاز گھمانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، شریف فیملی کی کاروباری ٹرانزکشن کو منی لانڈرنگ بنایا گیا تو جہانگیر ترین خاموش رہے، عمران خان کا کاروبار نہیں، انہوں نے ساری عمر مانگا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ایک طرف کہا جاتا ہے کہ حمزہ اور سلمان شہباز بے نامی ہیں، 13 اپریل کو شہباز شریف کی ضمانت کی تاریخ ہے، امید ہے کہ انصاف ملے گا، امید ہے کہ نون لیگ کو دوبارہ عوامی خدمت کا موقع ملے گا، پی ڈی ایم ٹوٹنے کا غلط پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا دور اس قابل ہے کہ اسے اسٹڈی کیا جائے، شریف فیملی نے ہزاروں لوگوں کو روزگار دیا، پی ڈی ایم اس بنیاد پر بنی کہ نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیا گیا، بنیادی ایشو پر تمام جماعتیں متحد ہیں، ایک یا دو جماعتیں علیحدہ جدوجہد کرنا چاہتی ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں۔


رانا ثناء اللّٰہ کا مزید کہنا ہے کہ چینی سو کا ہندسہ کراس کر چکی ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو چینی 150 روپے کلو سے کراس کر جائے گی، مسلم لیگ نون کی پنجاب میں اکثریت ہے، مرکز میں بھی نون لیگ اکثریتی جماعت والی اپوزیشن ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈسکہ کے الیکشن میں ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل کرایا جا رہا ہے، امید ہے کہ 10 اپریل کا الیکشن صاف شفاف ہو گا، سروے بتا رہے ہیں کہ نون لیگ ڈسکہ الیکشن واضح اکثریت سے جیتے گی۔

تازہ ترین