• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی وبا، ویلز میں برطانیہ کی تیسری کورونا وائرس ویکسین موڈرنا ویکسی نیشن کا آغاز

لندن (پی اے ) ویلز میں کورونا وائرس موڈرنا ویکسی نیشن کا آغازکر دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ویلز میں برطانیہ نے اپنی تیسری کورونا وائرس ویکسین ، موڈرنا کے ٹیکے لگانا شروع کر دئیے۔بلا معاوضہ کام کرنے والی کیریئر ایلے ٹیلر نے کہا  ہےکہ وہ اس بات پربہت پرجوش اور خوش ہیں کہ وہ برطانیہ میں یہ ٹیکہ لگوانے والی پہلی خاتون ہیں۔وزیر سمال بزنسز پال سکولی نے کہا کہ انگلینڈ میں بھی یہ ویکسی نیشن اگلے چند دن میں شروع کردی جائے گی۔ دریں اثنا ، یورپین ریگولیٹرز نے ایسٹرا زینیکا ویکسین اور خون میں لوتھڑے بننے کے درمیان ممکنہ تعلق کے بارے میں اپنی رپورٹ جمع کرا دی۔ برطانیہ اور عالمی ادارہ صحت کے ریگولیٹری ادارے بھی اعداد و شمار کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایمن فورڈ سے تعلق رکھنے والی محترمہ ٹیلر کو کارمارتھن میں گلینگولی اسپتال میں ویکسین دی گئی۔ ویکسین لینے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ، 24 سالہ خاتون نے جو کہ ایجوکیشن کالج میں بھی کام کرتی ہیں، کہا کہ میں بہت پرجوش اور بہت خوش ہوں۔ میں اپنی گرانڈ مدر کی بلا معاوضہ نگہداشت کرتی ہوں لہذا میرے لئے ویکسین لینا بہت اہم تھا،اب میں ان کی صحیح اور با حفاظت دیکھ بھال کرسکتی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ میری گرانڈ مدر اپنی پہلی خوراک لے چکی ہیں اور ہفتے کے روز انہیں دوسری خوراک دی جائے گی۔ مس ٹیلر نے کہا کہ انہیں منگل کی شام کو ہی پتہ چلا کہ وہ برطانیہ میں موڈرنا ویکسین حاصل کرنے والی پہلی برطانوی خاتون ہیں۔ اس امر کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ برطانیہ کے باقی حصوں میں اس ویکسین کا استعمال کب شروع ہوگا ، لیکن اسکاٹ لینڈ کو اس کی پہلی کھیپ پیر کو ملی تھی۔ فائزر بائیو این ٹیک اور آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا ویکسین کی طرح جو پہلے ہی زیر استعمال ہیں ، موڈرنا کی بھی کئی ہفتوں کے وقفے سے دوسری خوراک دی جاتی ہے ۔وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ موڈرنا کی برطانیہ میں ویکسی نیشن شروع ہو رہی ہے۔ ویلز کے وزیر صحت واگن گیتھنگ نے کہا کہ ویلز میں استعمال کی جانے والی تیسری ویکسین کوویڈ۔ 19 کے خلاف ملک کے دفاع میں نمایاں اضافہ کرے گی۔ پورے برطانیہ میں ، 31.6ملین سے زیادہ افراد کو اب تک کوویڈ ویکسین کی پہلی خوراک مل چکی ہے - جبکہ 5.4 ملین کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ویلز میں ، 1.49 ملین سے زیادہ افراد کو پہلی خوراک ملی ہے ، جبکہ469000 سے زیادہ افراد کو دونوں خوراک دی جا چکی ہیں۔تاہم برطانیہ کی کوویڈ ویکسین کی فراہمی اپریل میں چار ہفتوں تک موخر ہونے والی ہے اور ویلز کو توقع ہے کہ وہ اس وقت تک 250000 آکسفورڈ - ایسٹرا زینیکا ویکسین کی خوراک لے چکا ہوگا۔ یہ بات اس وقت سامنے آئی جب برطانیہ ، یورپ اور عالمی ادارہ صحت کی تنظیموں نے آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا ویکسین کے اعداد و شمار اور خون میں لوتھڑے جمنے کے درمیان ممکنہ تعلق کا جائزہ لیا ۔ آئند چندہ دنوں میں انضباطی اداروں کی جانب سے حتمی فیصلہ کی توقع ہے۔ منگل کے روز ، بچوں پر آکسفورڈ ویکسین کے ٹرائل احتیاطی اقدام کے طور پر بند کردیئے گئے۔آزمائشی نتائج میں اس مرض کے خلاف موڈرنا کی افادیت 94.1 فیصد پائی گئی ، اور شدید کوویڈ۔ 19 کے خلاف اس کی افادیت 100 فیصد ہے۔امریکہ میں30000سے زیادہ افراد نے ٹرائل میں حصہ لیا جس میں عمر کے مختلف گروپوں اور نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔حکومت نے موڈرنا کی 17 ملین خوراک خریدی ہیں جو تقریبا 8.5 ملین افراد کی ویکسی نیشن کے لئےکافی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کو برطانیہ کی اس خریداری میں سے دس لاکھ سے زیادہ خوراک ملنی ہیں ، اور کچھ مہینوں میں یہ خوراک پہنچ جائیں گی۔

تازہ ترین