راولپنڈی (جنگ نیوز) انجمن شہریان کے چیئرمین زاہد بختاوری کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود کے تبادلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب میں زاہد بختاوری نے کہا کہ محمد محمود راولپنڈی میں رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے جیسے میگا پراجیکٹس پر کام کر رہے تھے‘ اُنکے تبادلے سے یہ پراجیکٹ تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر نے ڈویژن بھر میں تعمیرو ترقی کے کاموں کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بڑے پراجیکٹس کا تسلسل جاری رکھنے کیلئے فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کمشنر محمد محمود راولپنڈی رنگ روڈ اور لئی ایکسپریس وے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی تھے۔ انکی بحالی کیلئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے بھی ملاقات کی جائیگی۔