• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پہلا ٹی20، زخم خوردہ جنوبی افریقا کے خلاف پاکستان فتوحات کی سنچری کیلئے پرامید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ ہفتے کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ زخموں سے چور پروٹیز کے خلاف اس فارمیٹ میں کامیابیوں کی سنچری کیلئے گرین شرٹس نے نظریں مرکوز کرلی ہیں۔ اعتماد سے بھرپور کپتان بابر اعظم سیریز جیتنے کیلئے پرعزم ہیں۔ جیت کی صورت میں گرین شرٹس اس فار میٹ میں اپنی فتح کی سنچری بھی مکمل کر لیں گے ۔ اب تک کوئی اور ٹیم یہ اعزاز حاصل نہیں کرپائی ہے ۔ پہلے میچ میں ناکامی کی صورت میں بھی اگلے تین میچوں میں پاکستان کے لئے اس اعزاز کا چانس ہوگا، پاکستان نے جنوبی افریقا کو تیسرے ون ڈے میچ میں 28 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی تھی۔ پاکستانی ٹیم نے جمعے کو بھر پور پریکٹس کی۔ ہوم ٹیم سیریز سے قبل دہری پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہے، سینئر کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت کے باعث پروٹیز کی آدھی ٹیم پہلے ہی پاکستان کے خلاف اسکواڈ سے باہر ہوچکی ہے اب انجریز نے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقی قائد ٹیمباباووما ہیمسٹرنگ انجری کےباعث سیریز سے باہر ہوگئے ہیں،فٹنس مسائل کے سبب پریٹوریئس اور ان فارم بیٹسمین وان ڈرڈوسن بھی سلیکشن کیلئے دستیاب نہیں۔ ریزا ہینڈرکس بچے کی پیدائش کے سبب سیریز سے دستبردار ہوچکے ہیں ۔باووماکی غیرموجودگی میں ہینرچ کلاسین پروٹیزکی قیادت کریں گے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم فی الحال 260 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ میزبان جنوبی افریقہ 251 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ مہمان ٹیم اگر سیریز کے چاروں میچز جیت جاتی ہے تو آئی سی سی رینکنگ میں ان کے پوائنٹس کی تعداد 264 ہوجائے گی تاہم اگر نتائج اس کے برعکس ہوتے ہیں تو پھر جنوبی افریقہ چوتھے اور پاکستان چھٹے نمبر پر چلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں دونوں ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک17ٹی20 میچزکھیلےگئے، نو میں جنوبی افریقا اور 8 میں پاکستان نےکامیابی حاصل کی۔

تازہ ترین