• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وبا کی ہلاکت خیزیوں کے منظرنامے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کا یہ بیان حوصلہ افزا ہے کہ حکومت نے عید کے بعد کووڈ۔19 کی ویکسی نیشن کے لئے تمام شہریوں کی رجسٹریشن کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ قبل ازیں چین سے آنے والی ویکسین کی خوراکیں ایک ترتیب کے ساتھ دینے کا سلسلہ شروع کیا جاچکا ہے جس میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی و نیم طبی عملے اور پھر ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن اور ویکسی نیشن کا عمل شامل ہے۔ جبکہ 70سال سے زائد عمر کے افراد کسی بھی ویکسین مرکز پر شناختی کارڈ سمیت پہنچ کر ٹیکے لگوا سکتے تھے۔ اب یہ سہولت 65سال سے زائدعمر کے تمام افراد کو حاصل ہے جبکہ 80سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ان کے گھروں پر ویکسین کی سہولت دی جارہی ہے اور 50سال سے زائد عمر کے افراد تک ویکسینشن کے دائرہ وسیع ہوچکا ہے۔ عید کے بعد تمام لوگوں کے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع کرنے کے تازہ فیصلے کے پس منظر میں ویکسین کی سپلائی چین یقینی بنانے سے لے کر متعلقہ مراکز پر ضروری انتظامات سمیت متعلقہ تدابیر یقیناً کارفرما ہوں گی مگر ایسے عالم میں کہ بچے بھی کورونا سے متاثر ہورہے ہیں۔ 20کروڑ کی آبادی کے ہر فرد تک ویکسین پہنچانا بڑا کام بھی ہے اور ضروری بھی۔ اس وقت چین پاکستان کو ویکسین فراہم کرنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ عید کےبعد ’’کین سینو ویکسین‘‘ کی دستیابی سے یومیہ سوا لاکھ افراد کو خوراکیں دی جاسکیں گی۔ این سی او سی اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو ملک بھر میں کورونا کے رجسٹرڈ کیسز 5,329، اموات98، فعال کیسز 66,994وینٹی لیٹر کیسز 467ہے۔ تیسری لہر کی صورت حال ہر سطح پر احتیاط اور ایس او پیز کی پابندی کی متقاضی ہے جس کا سب کو ہی خیال رکھنا چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین