کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہےکہ ہم سب ایک قوم ، سبزہلالی پرچم تلے متحد ہیں، پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کیلئے کوسٹ گارڈز کا کردار قابل تحسین ہے۔
انسانی اسمگلنگ، منشیات اور مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت میں کوسٹ گارڈز نے نمایاں کردار کیا اور مختلف آپریشنز کے دوران 4 ارب روپے مالیت کی غیر قانونی مصنوعات پکڑیں،پاکستان کے ساحلوں کو اسمگلنگ فری بنائیں گے اورملکی معیشت کو مضبوط کریں گے۔
ہفتہ کو پاکستان کوسٹ گارڈز ٹریننگ سینٹرکورنگی میں ریکروٹس کی 40ویں بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈکی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نےکہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز کا شمار ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس کے طور پرکیا جاتا ہے جو بیک وقت سمندر اور زمین پر تعینات ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔
اسے دیگر نیم فوجی اداروں سے ممتاز کرتا ہے،پاکستان کوسٹ گارڈز نے ملک دشمن عناصر بالخصوص منشیات اور انسانی اسمگلروں کے خلاف ہمیشہ نہایت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی انہی کوششوں کی وجہ سے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی آئی جس پر یہ ادارہ بلاشبہ تعریف کا مستحق ہے۔