• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا سعودی ولی عہد کے بعد بل گیٹس کو بھی خط


وزیراعظم عمران خان نے  سعودی ولی عہد کے بعد مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو بھی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خط لکھا ہے جس میں عمران خان نے موسمیاتی تبدیل کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عمران خان نے اپنے خط میں عزم کیا کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، پاکستان بھی موسمی خطرات سے نمٹنے اور بچاؤ کے لیے اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم نے خط میں لکھا کہ پاکستان ان ممالک میں ہے جہاں موسمیاتی تبدیلی کے خطرات زیادہ ہیں، پاکستان کو بھی گلیشیئر پگھلنا اور مون سون سمیت کئی طرح کے موسمی خطرات کا سامنا ہے۔

اُنہوں نے لکھا کہ پاکستان گرین اکانومی پالیسی کے تحت کاربن کی کمی کے لیے متبادل توانائی کے منصوبے شروع کررہا ہے جبکہ ہم نے بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس، کلین گرین اور ویسٹ مینجمنٹ کےپروگرام بھی شروع کر رکھےہیں۔

عمران خان نے خط میں لکھا کہ پاکستان نے لاتعداد گرین جابز دیں، 10 لاکھ ایکڑ جنگلات کو محفوظ بنایا۔

وزیراعظم نے لکھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آپ کی کتاب پاکستان کے بلین ٹری منصوبےکی عکاس ہے، کرۂ ارض کو موسمیاتی نقصانات سے بچانے کے لیے آپ کی کتاب بہترین کاوش ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کو بھانپتے ہوئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔

عمران خان نے خط میں مزید لکھا کہ نئی نسل کو کلین گرین اور پُرفضا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خط لکھا تھا جس میں اُنہوں نے سعودی عرب کے’ گرین انیشی ایٹو‘ منصوبے پر خوشی کا اظہار کیا تھا اور’ گرین مڈل ایسٹ انیشی ایٹو‘ کی تعریف کی تھی۔

عمران خان نے خط میں کہا تھا کہ منصوبے کے تحت سعودی عرب میں 10 ارب اور مشرق وسطیٰ میں 50 ارب درخت لگانے کا سُن کر خوشی ہوئی۔

تازہ ترین