مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ روئیں، چیخیں یا پیٹیں، ڈسکہ میں مسلم لیگ نون جیت چکی ہے۔
مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہ عمران صاحب کو پاکستان میں جمہوریت کی امید کہنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ جیسا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر نئی صف بندی جاری ہے، بہت جلد پنجاب اور وفاق سے پی ٹی آئی کا صفایا ہونے والا ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا مستقبل اب صرف مافیا اور چوروں سے نجات سے وابستہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے 52 روپے چینی اور 35 روپے آٹے کو ووٹ دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ عوام نے ملک کی معاشی ترقی منفی 0.4 فیصد پر لانے والوں کو مسترد کیا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ روز ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ نون نہیں جیتی بلکہ پاکستان تحریک انصاف ہاری ہے۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی اُمید عمران خان ہیں، عمران خان کے مقابلے میں سیاسی قد کاٹھ کا کوئی لیڈر نہیں۔