• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوئس کیسز دوبارہ کھولنےکا فیصلہ، نالائق اپوزیشن عمران پر ﷲ کا احسان، شیخ رشید

نالائق اپوزیشن عمران پر ﷲ کا احسان، شیخ رشید


کراچی(اسٹاف رپورٹ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کمیشن انکوائری نے سوئس اکائونٹس کھلوانے کے احکامات دیئے ہیں اور اس پر بھی کا م شروع کردیاہے‘گزشتہ حکومت کا کیس دوبارہ کھولا جائے گا۔

عمران خان سیاسی طور پر زندہ ہیں، افواہوں میں کوئی صداقت نہیں،افواہوں کا عمران خان پر کوئی اثر نہیں ہے‘عمران خان کی کوشش ہے کہ لوٹ مار کرنے والوں پر نکیل ڈالی جائے‘ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی۔ 

یہ اللہ کا عمران خان پر خاص احسان ہے کہ اسے ایسی اپوزیشن ملی جو آپس میں ہی اپوزیشن ہے‘مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے عمران خان مافیا سے لڑ رہاہے‘ہماری عظیم فوج نہ ہوتی تو ہمارا حال بھی شام ‘لیبیا‘عراق اور یمن جیساہوتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ کراچی کا دورہ کیا اور امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن حکام کو بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے کاؤنٹرز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔

پریس کانفرنس میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سوئس اکائونٹ معاملے پر60ملین ڈالر دیئے وہ ہم سب کے پیسے تھے۔ پاکستان کا وقار ناموس رسالت پر طے کیا،اس حوالے سے اسمبلی میں مسودہ لائیں گے، عمران خان نے تمام مافیاکو للکارا ہوا ہے خواہ وہ چینی کا مافیا ، آٹے کا مافیا ہو، گھی کا مافیا ہو یا کاٹن کا مافیا ہو‘ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے عمران خان مافیا سے لڑ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شکر کریں کہ پاکستان کو اللہ نے اتنی عظیم فوج دی ورنہ پاکستان کا حال بھی شام، لیبیا، عراق اور یمن جیسے ممالک سے کم نہ ہوتا، وہ ملک کو آگے لے کر چل رہے ہیں اور ان کا یہ بھی ایک نعرہ ہے کہ ملک میں جو بھی منتخب حکومت ہوگی ہم اس کے ساتھ ہوں گے۔

ایران کے ساتھ بارڈر کا کام 42 فیصدکام ہوچکاہے، انشااللہ30 جون تک افغان بارڈر کی باڑ مکمل ہوجائے گی۔شیخ رشیدنے کہاکہ میرا دل گواہی دیتاہے یہ لوگ کہیں نہیں جارہے عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، عثمان بزدار کا قلعہ مضبوط ہے عمران خان ان کیساتھ کھڑے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ میں اور فروغ نسیم دونوں ای سی ایل کے رکن ہیں اور ہم نے کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے دستخط نہیں کیے، اگر انہوں نے کچھ لوگ ڈالے ہیں اس کا مجھے علم نہیں۔کرپشن ، انتخابی اصلاحات اور مافیاکے خلاف سندھ حکومت سمیت سب سے بات کرنے کے لئے تیار ہے ۔ 

ایک لاکھ نادرا کارڈ نکال رہے ہیں‘مردم شماری پر تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں نے جہانگیر ترین کا کبھی یو ایس بی سے متعلق بیان نہیں دیا۔

تازہ ترین