کراچی، اسلام آباد (این این آئی، آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمن ملک نے کہاہے کہ ڈسکہ میں (ن)لیگ کی جیت پیپلز پارٹی کے موقف کی فتح ہے، جبکہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کیخلاف ریفرنڈم عوام نے جیت لیاہے، نوشین افتخار نے استعفیٰ دینے کیلئے عمران خان کے امیدوار کو شکست نہیں دی۔
تفصیلات کے مطابق سینئررہنماء پیپلزپارٹی سابق وزیر داخلہ رحمن ملک نے بلاول ہاوَس کے باہرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے پی ڈی ایم کو نہیں چھوڑا ہے، ڈکٹیشن نہیں ہر بات پر باہمی مشاورت ہونی چاہیے ،جہانگیر ترین کی سیاست آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں ہل چل مچائے گی۔
انہوںنے کہاکہ جہانگیر ترین کی سیاست آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں ہل چل مچائے گی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دروازے ہر ایک کے لئے کھلے ہیں، دیکھتے ہیں کہ جہانگیر ترین کسی سے ملتے ہیں یا خود ڈرائیو کرنا چاہیں گے۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک اور ریفرنڈم عوام نے جیت لیاہے۔