• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے، شاہ محمود قریشی

برلن (اے پی پی)پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے ،جرمنی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اورپاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لیے میونخ میں جلد نیا قونصل خانہ کھولیں گے، ہر سال پاکستان سے پانچ کروڑ فٹبال کی درآمد قابل مسرت ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو برلن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا۔جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل اور سفارتخانے کے عملے نے وزیر خارجہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارت خانے کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں رکھی "وزٹرز بک" میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔دوران گفتگو وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری حکومت کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میونخ میں جلد نیا قونصل خانہ کھولنے جا رہے ہیں تاکہ جرمنی کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔جرمنی کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی روابط بڑھانے کے بہت سے مواقع موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے جرمن میں مقیم پاکستانیوں کے دیرینہ مطالبے پر سفارت خانے میں کھولے گئے دفتر "عرضی نویسی" کا افتتاح کیا۔وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں قائم کیے گئے "فٹ بال کارنر" کا بھی افتتاح کیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ امر قابل مسرت ہے کہ جرمنی میں ہر سال پانچ کروڑ فٹبال پاکستان سے درآمد کیے جاتے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی سفارت کاری کے بہترین نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔جرمنی کے ساتھ معاشی تعلقات میں نئے باب کا اضافہ،ہماری معاشی سفارتی مہم کے مثبت ثمرات کا عملی ثبوت ہے۔

تازہ ترین