اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے ایف ایٹ کچہری میں وکلا کے چیمبر گرانے سے متعلق کیس میں رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار نے ہمارے احکامات کو سنجیدہ نہیں لیا، ان کا دماغ خراب ہے، کیوں نہ معطل کردیں،عدالت عظمیٰ نےایف ایٹ کچہری میں عدالتیں گرانے سے متعلق رجسٹرار رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 7؍ دن میں جواب طلب کرلیا۔منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ایف ایٹ کچہری فٹ بال گراؤنڈ خالی کرانے اور وہاں بنائے گئے غیر قانونی وکلا چیمبرز گرانے سے متعلق عدالتی فیصلے پر دائر نظر ثانی درخواست کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا کے چیمبرز گرانے کے متعلق جواب جمع کرایا ۔چیف جسٹس نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار نے ہمارے احکامات کو سنجیدہ نہیں لیا اور عدالتی فیصلے پر عملدرآمد جونیئر افسران پر چھوڑ دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹرار کا دماغ خراب ہے کیوں نہ ان کو عہدے سے معطل کر دیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ایف ایٹ کچہری میں عدالتوں کی غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا ہے۔