• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک لبیک کالعدم قرار، نوٹیفکیشن جاری


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشت گردی ایکٹ1997ءکے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک لبیک پاکستان ملک میں دہشت گردی اور دوسرے گھناؤنے جرائم میں ملوث ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی ملک میں لوگوں کواکسا کر انتشار پیدا کرنے سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی اموات اور زخمی کرنے میں ملوث ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پابندی کا ڈکلیریشن سپریم کورٹ میں پیش کرے گی‘ سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔ 

ادھر فرانس نے پاکستان میں موجود اپنے شہریوں اور کمپنیوں کو عارضی طور پر ملک چھوڑنے ہدایت کردی ہےاورکہاہے کہ پاکستان میں مقیم فرانسیسی شہری محتاط رہیں اور غیرضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

آن لائن کے مطابق حکومت نے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد تنظیم کے اثاثے منجمد کرنے کی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق تحریک لبیک کے مرکزی عہدیداروں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کیے جا رہے ہیں۔ 

رپورٹس کے مطابق ٹی ایل پی کے اثاثے منجمد کیے جانیکی کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت کی جا رہی ہے، کارروائی انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 11 ای ای کے تحت کی جا رہی ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثے منجمد کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک اور صوبائی محکمہ ریوینیو کردار ادا کریں گے‘اس کے علاوہ کالعدم تنظیم کے عہدیداروں ، کارکنوں کو جاری اسلحہ لائسنسز بھی منسوخ کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹی ایل پی کے مرکزی عہدیدار زمینوں کی خرید و فروخت نا ہی بینک اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔ ٹی ایل پی کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں کو ہدایات دے دی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو ایک ای میل کی ہے جس میں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ پاکستان میں فرانسیسی مفادات کو سنگین نوعیت کی دھمکیوں کی وجہ سے فرانسیسی شہری اور کمپنیاں عارضی طور پر ملک چھوڑ دیں۔

جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر سفارتخانے نے اس خبر کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ اس دوران سفارتخانہ بدستور کھلا رہے گا اور محدود اسٹاف کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

پیرس سے نمائندہ جنگ کے مطابق فرانسیسی حکومت نے فرانسیسی باشندوں کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان جانے سےمنع کیا ہے‘ ساتھ ہی ساتھ پاکستان میں مقیم فرانسیسی شہریوں کو کہا کیا کہ وہ غیر ضروری طور گھروں سے باہر نہ جائیں۔

تازہ ترین