• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر ہدایتکار ایس سلیمان کی نمازجنازہ آج ادا کی جائیگی

حال ہی میں 80 سال کی عُمر میں انتقال کرجانے والے فلم انڈسٹری کے سینئر ہدایت کار ایس سلیمان کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ جمعہ ادا کی جائے گی۔

اہلخانہ کے مطابق ایس سلیمان کے بیرون ملک مقیم بیٹے کی آمد کے باعث نمازِ جنازہ آج ادا کی جارہی ہے۔

سینئر ہدایتکار کے اہلخانہ نے بتایا کہ ایس سلیمان طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال 14 اپریل کی صبح ہوا۔

ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ زری بیگم نے ایس سلیمان کے انتقال کی تصدیق کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ایس سلیمان گزشتہ ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی اسپتال میں زیر علاج رہے لیکن 2 روز قبل ان کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی۔

ایس سلیمان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا بیرون ملک مقیم ہے اور وہ 15 اپریل کی رات تک لاہور پہنچے گا۔

واضح رہے کہ ایس سلیمان اہنے دور میں انڈسٹری کے2 معروف ترین ہیروز سنتوش کمار(سید موسیٰ عباس رضا) اور درپن (سید عشرت عباس) کے چھوٹے بھائی تھے۔ 

انہوں نے1961سے 1998 کے دوران 48 فلموں کی ہدایات دیں جن میں سے 2 فلمیں پنجابی زبان میں ریلیز ہوئی تھیں۔ 

ایس سلیمان صرف21برس کی عمر میں اپنی پہلی فلم کی ہدایات دی تھیں اور انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز کی ہدایات بھی دیں۔انہوں نے سب سے زیادہ فلمیں اداکار محمد علی اور ندیم بیگ کے ساتھ بنائیں جو 70کی دہائی کے اواخر میں ریلیز ہوئیں۔

ایس سلیمان کی کامیاب ترین فلموں میں ʼگلفامʼ، ʼباجیʼ،ʼ زینتʼ، ʼالزامʼ اور ʼتصویرʼ شامل ہیں۔انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا جبکہ انہیں 10 نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔

تازہ ترین