• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہدایت کار اور پروڈیوسر ایس سلیمان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایت کار اور پروڈیوسر ایس سلیمان 80برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔ایس سلیمان طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا انتقال14 اپریل کی صبح ہوا۔ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ زری بیگم نے ایس سلیمان کے انتقال کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ ایس سلیمان گزشتہ ایک سال سے مختلف اوقات میں نجی اسپتال میں زیر علاج رہے لیکن 2 روز قبل ان کی حالت زیادہ بگڑ گئی تھی۔ایس سلیمان کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا بیرون ملک مقیم ہے اور وہ 15 اپریل کی رات تک لاہور پہنچے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جمعہ 16 اپریل کو لاہور کی نجی سوسائٹی میں ایس سلیمان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔خیال رہے کہ ایس سلیمان نے معروف اداکارہ اور کلاسیکل پرفارمر زری عرف پنا سے شادی کی تھی جن سے ان کی ایک بیٹی اور 2 بیٹے ہیں۔وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے سینئر ہدایت کار ایس سلیمان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایس سلیمان پاکستان فلم انڈسٹری کے سنہری دور کے روح رواں تھے، اللہ تعالی ایس سلیمان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ ایس سلیمان اہنے دور میں انڈسٹری کے2 معروف ترین ہیروز سنتوش کمار(سید موسیٰ عباس رضا) اور درپن (سید عشرت عباس) کے چھوٹے بھائی تھے۔انہوں نے1961سے 1998 کے دوران 48 فلموں کی ہدایات دیں جن میں سے2فلمیں پنجابی زبان میں ریلیز ہوئی تھیں۔ ایس سلیمان صرف21برس کی عمر میں اپنی پہلی فلم کی ہدایات دی تھیں اور انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز کی ہدایات بھی دیں۔انہوں نے سب سے زیادہ فلمیں اداکار محمد علی اور ندیم بیگ کے ساتھ بنائیں جو 70کی دہائی کے اواخر میں ریلیز ہوئیں۔ایس سلیمان کی کامیاب ترین فلموں میں ʼگلفامʼ، ʼباجیʼ،ʼ زینتʼ، ʼالزامʼ اور ʼتصویرʼ شامل ہیں۔انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا جبکہ انہیں 10 نگار ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔

تازہ ترین