اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی بھی قیمت پر ملک میں انتشار پھیلانے اور دہشت گردی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کاوشوں سے ملک میں امن برقرار رہا، سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی ہوئی ہے۔
جمعہ کو کچھ وقت کیلئے سوشل میڈیا کی بعض سروسز اور ایپس بند کرنے کے حوالے سے جاری بیان میں وزیر داخلہ نے عوام سے معذرت کی کہ انہیں کچھ وقت کیلئے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام کی بندش کا سامنا رہا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیم نے جمعہ کےبعد احتجاج کی کال دی تھی لیکن سارے پاکستان میں امن رہا اور کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، کوئی باہر نہیں نکلا، پنجاب کی حکومت اور کراچی کی انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور پولیس ، رینجرز کو بھی کہ انہوں نے امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری پوری کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کا سہارا لے کر انتشار پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے۔ پاکستان اب آگے بڑھے گا، انتشار پھیلانے ، ایمبولینسیں روکنے ، بے گناہوں کی جانیں لینے اور آکسیجن ٹرک روکنے اور عام آدمی کیلئے مشکلات کا باعث بننے والوں کو آج شکست ہوئی ہے۔
انہیں کالعدم قرار دے چکے ہیں ، قانون کے تحت ان کیخلاف مزید کارروائی آگے بڑھے گی، بینک اکائونٹس بند کئے جائیں گے، پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈز ریکارڈ پر لائے جائیں گے۔
دریں اثناکمبائینڈ ملٹری ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرزہسپتال راولپنڈی میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور رینجرز کے جوانوں کی عیادت کے موقع پرانہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امن و امان کے حوالے سے بہت زبردست کام کیا۔
کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی متشددانہ کارروائیوں کا تحمل سے مقابلہ کیا،پولیس اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہت ہمت اور بہادری دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ کسی جتھے کو ریاست کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔