• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بغیر وارنٹ گھر میں گھسنے، تلاشی لینے کیخلاف درخواست، پولیس سے رپورٹ طلب

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر کے بغیر وارنٹ گھر میں گھسنے اور تلاشی لینے کے خلاف درخواست پر آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایس ایچ او تھانہ کورال کو نوٹس جاری کرتے دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کر لی جبکہ پولیس کو درخواست گزار کو غیرقانونی طور پر ہراساں کرنے سے روک دیا ۔ متاثرہ خاتون شہری نوشابہ عثمان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ اس موقع پر سائلہ کے وکیل کاشف ملک ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مقامی پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھر میں گھسی ، وارنٹ گرفتاری اور لیڈی پولیس کے بغیر گھر میں داخل ہونا خلاف قانون اقدام ہے۔ درخواست گزار کا شوہر رئیل سٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے۔ سائلہ کے شوہر کا مقامی ایم این اے راجہ خرم نواز سے تنازع ہے جس پر پولیس انہیں ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ واقعہ کی انکوائری کرائی جائے اور پولیس کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکا جائے۔
تازہ ترین