• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ دونوں برادر ملکوں کی مصیبتوں سے حفاظت فرمائے ، سعودی سفیر

اسلام آباد(جنگ نیوز) رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے ’’افطار و صائم پراجیکٹ2021ء‘‘کے تحت کم آمدنی والے مستحق خاندانوں کو رمضان راشن باسکٹ پیکج ‘‘کی تقسیم کاسلسلہ جاری ہے ،اس سلسلے میں رابطہ عالم اسلامی مرکزی دفتر واقع اسلام آباد میں تقریب ہوئی جس میں پاکستان اور آزادکشمیربھر کے پسماندہ دوردراز علاقوں میں مقیم 4500 خاندانوں کے لئے اشیائے ضروریہ سے بھرے ہوئے ٹرک روانہ کئے گئے ۔ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی ،سعودی حکومت اور عوام ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ رہے ہیں اور رہیں گے ۔سعودی سفیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ دونوں برادر ملکوں سعودی عرب اور پاکستان کی ہر قسم کی مصیبتوں اور تکلیفوں سے حفاظت فرمائے اور امن و سلامتی کے ساتھ ساتھ خوشحالی کی نعمتوں سے نوازے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نےخادم الحرمین الشریفین شیخ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان اوررابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کی محبت ،اخوت، بھائی چارے اور مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے پر ان کا شکریہ اداکیا ۔ چیئرمین قمر جہاں فاؤنڈیشن ڈاکٹر جمال ناصرنے رابطہ عالم اسلامی کی پاکستان کے عوام کے لئے رمضان پیکج و دیگر فلاحی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شیخ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان اوررابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کی کاوشیں ان کی پاکستانی عوام سے محبت کی دلیل ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی سعد مسعود الحارثی نے کہا کہ رمضان کا مہینہ معاشرے کے سفید پوش طبقات کادکھ درد بانٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ۔ اس مواقع پر سعد مسعود الحارثی نے بتایا کہ یہ تمام منصوبے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرالشیخ محمد عبدالکریم العیسیٰ کی ہدایات کے مطابق اور عبدالرحمٰن مطر کی ذاتی دلچسپی اور کوششوں کی مرہون منت ہیں ۔
تازہ ترین