چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں پہلی بارجلسے سے خطاب کرنے پہنچے توکارکنوں نے اپنے لیڈرکا شاندار استقبال کیا،بلاول نے بھی محبت کا جواب محبت سے دیا۔
بلاول بھٹوزرداری خصوصی ہیلے کاپٹرکے ذریعے اسپورٹس اسٹیڈیم کوٹلی پہنچے۔ سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اورراجا پرویز اشرف بھی ان کے ساتھ تھے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید، رحمان ملک سمیت آزاد کشمیرکے وزرا سے مصافحہ کرنے کے بعد بلاول پیدل ہی جلسہ گاہ کی طرف روانہ ہوئے۔
جلسہ گاہ پہنچے توکارکنوں نے پُرجوش اندازمیں اپنے قائد کوخوش آمدید کہا۔ بلاول نے بھی ہاتھ ہلاکرکارکنوں کومحبت کاجواب محبت سے دیا۔ پھوپھی فریال تالپور،شہلارضا اوردیگررہنما بھی ان کے ساتھ نظرآئے۔
اس موقع پر سیکیورٹی اہلکار انہیں پیچھے رکھنے کی کوشش کرتے رہے۔ بلاول بھٹو نے خصوصی طورپرتیارکیے گئے بُلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے اپنی جوشیلی تقریرکی، ان کے جذباتی اندازکو جیالوں نے خوب پسند کیا۔
بھائی بلاول کوٹلی میں تقریر کرتے رہے توبہنیں بختاوراورآصفہ سوشل میڈیا کے محاذ پر ان کے شانہ بشانہ رہیں اورلوگوں کوجلسے کی لمحے لمحے کی صورتحال سے آگاہ کرتی رہیں۔