• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ نے بھیس بدل لیا

باجوڑ کے اسسٹنٹ کمشنر فضل الرحیم کے بھیس بدل کر بازاروں میں گھومنے کے سوشل میڈیا پر چرچے شروع ہوگئے۔

گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر باجوڑ کے اسسٹنٹ کمشنر کی کچھ تصاویر وائرل ہورہی ہیں جن میں وہ عام شہری کے روپ میں چہرے پر ماسک لگائے، کسی دُکان کے باہر موجود ہیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر عام شہری بن کر خود دُکان کا جائزہ لے رہے ہیں اور جہاں دُکاندار اشیاء زیادہ قیمتوں میں فروخت کر رہے ہیں وہاں اُن کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کے اس منفرد انداز کو اس قدر پسند کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر اُن کے چرچے شروع ہوگئے۔

ان کی تصاویر کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کیا جارہا ہے اور ہر ایک صارف اُن کی تعریف کررہا ہے۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ فضل الرحیم نے پاکستانیوں کی محبت کو دیکھتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پاکستانیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ لوگوں کی محبتوں کا شکریہ۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’بہر حال یہ ہماری ڈیوٹی ہے اور ہم انشاءاللّہ پوری ایمانداری اور نیک نیتی سے کرتے رہیں گے۔‘

اسسٹنٹ کمشنر باجوڑ نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ پاک افغان بارڈر پر واقع باجوڑ کے واقعات کو پورا پاکستان اتنے اچھے اسپرٹ کے ساتھ سپورٹ کرے گا۔‘

اُنہوں نے پاکستانی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب کی محبتوں کا شکریہ۔‘

تازہ ترین