وفاقی وزیر سینیٹر فیصل جاوید خان نے سابق آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ناصر درانی کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
فیصل جاوید خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سابق آئی جی پولیس کے پی ناصر درانی کی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ لی گئی یادگار تصویر شیئر کی۔
ٹوئٹر پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے کہا کہ ’سابق آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ناصر درانی کے انتقال کی خبر سُن کر بہت افسوس ہوا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں اللّہ تعالیٰ اُن کے اہلخانہ کو صبر و جمیل عطا کرے۔‘
فیصل جاوید خان نے کہا کہ ’خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے پہلے دور اقتدار میں ناصر درانی نے عمران خان کے ساتھ مل کر کام کیا تھا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’خیبر پختونخوا میں پولیس اصلاحات نافذ کرنے کے پیچھے ناصر درانی کا بہت بڑا کردار ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ناصر درانی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔
ایم ایس میو اسپتال لاہور کے مطابق ناصر درانی ایک ماہ سے اسپتال میں زیرِعلاج تھے، ایک ہفتہ پہلے انہیں وینٹی لیٹر پر لےجانا پڑا، آج وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
ناصردرانی پنجاب پولیس ریفارمز کمیشن کے سربراہ بھی رہے۔