ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)چھوٹے پردے سے بڑے پردے تک اپنی پہچان بنا نے والی بھارتی اداکارہ حنا خان کے والد کا 20 اپریل کو انتقال ہو گیا ۔ ای ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حنا کے والد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو ا۔ حنا خان جو کام کے سلسلے میں کشمیر میں تھیں والد کے انتقال کی خبر سن کر ممبئی روانہ ہو گئیں۔ حنا خان اپنے والد کے کافی قریب تھیں۔ وہ اکثر سوشل میڈیا پر بھی اپنے والد کے ساتھ خاص لمحوں کو شیئر کرتی رہتی تھیں۔ اداکارہ اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی فیملی کے حوالےسے چیزیں بھی شیئر کرتی رہتی تھیں۔ایک ایسا وقت بھی تھا جب حنا خان نے شکایت کی تھی کہ ان کے والد انہیں پیسے خرچ کرنے سے روکنے کیلئے ان کے کریڈٹ کارڈ ضبط کر لیتے تھے۔ ایک انٹرویو میں حنا خان نے بتایا تھا کہ ان کے والد ہی ان کے ممبئی ڈریم کے بارے میں جانتے تھے۔ تب اداکارہ نے کہا تھا میں نہیں جانتی کہ کتنے لوگوں کو یہ معلوم ہے لیکن میں ممبئی جھوٹ بول کر آئی تھی اور صرف میرے پاپا ہی اس بارے میں جانتے تھے۔ میں نے صرف اپنے پاپا سے اس بارے میں بات کی تھی اور کسی کو نہیں پتہ تھا کہ میں ممبئی میں کیا کر رہی ہوں۔ میری ماں اور دوسرے فیملی ممبر کو لگتا تھا کہ میں دہلی میں ہوں۔ میرے پاپا ہمیشہ میرے کرائم پاٹنر تھے۔حنا نے مزید کہا کہ ʼاب میں مستقبل میں جو کچھ بھی کروں گی میں اسے اپنے والد کے ساتھ ضرور شیئر کروں گی۔ میں پہلے اپنے والد کو اپنے طرف کر لیتی ہوں اور جب میری والدہ ناراض ہوتی ہیں تو میں سارا الزام اپنے والد پر ڈال دیتی ہوں۔ وہ حیرت زدہ ہو کر ماں کی ڈانٹ کا سامنا کرتے ہیں۔