• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یومِ ارض، روشن مستقبل کیلئے درخت لگانے کی ترغیب دیتا گوگل کا نیا ڈوڈل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ارتھ ڈے آج منایاجارہا ہے، اس دن کی مناسبت سے معروف سرچ انجن گوگل نے بھی نیا ڈوڈل جاری کردیا ہے۔

گوگل اپنا لوگو جسے ’ڈوڈل‘ کہا جاتا ہے، ہر اہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، اس بار گوگل نے ارتھ ڈے کے موقع پر ویڈیو ڈوڈل پیش کیاہے۔

گوگل کے اس خصوصی ڈوڈل میں تناور درخت کے سائے تلے بیٹھے بچے کتاب پڑھ رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی کچھ اور بچے نئے پودے لگاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

درخت کے اوپر گوگل کے حروف ’google‘ لکھے گئے ہیں تاہم تیسرے حروف ’او‘ کو درخت سے ہی بنایا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے اس خصوصی ڈوڈل پر اگر کلک کیا جائے تو ایک مختصر ویڈیو سامنے آتی ہے جس میں روشن مستقبل کیلئے درخت لگانے کی ترغیب دی گئی ہے۔

دنیا بھر میں گزشتہ 50 سال سے 22 اپریل کو زمین کے تحفظ اور اس سے محبت کا شعور اجاگر کرنے کے لیے عالمی یوم ارض یعنی زمین کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

عالمی یوم ارض سب سے پہلے22 اپریل 1970کو منایا گیا تھا، یہ وہ دور تھا جب تحفظ ماحولیات کے بارے میں آہستہ آہستہ شعور اجاگر ہو رہا تھا اور لوگ فضائی آلودگی اور دیگر ماحولیاتی خطرات کا بغور مشاہدہ کر رہے تھے۔

گزشتہ برس گوگل نے زمین کی ایک چھوٹی اور انتہائی اہم حیاتیات ’مکھیوں‘ کی اہمیت کو اجاگر کرتا خصوصی گیم ڈوڈل جاری کیا تھا۔

ڈوڈل کے تخلیق کاروں کا کہنا تھا کہ ’ڈوڈل کا گیم کھیلنے والا کھلاڑی پولینیشن کا عمل جاری رکھتا ہے، جب تک صارفین چاہیں، گیم جاری رکھ سکتے ہیں اور ہزاروں پھولوں، درختوں کا مناظرہ کرسکتے ہیں۔‘

تازہ ترین