اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد دہشتگردی کو شکست دی، عظیم فوج کےساتھ دہشتگردی کے ہر حملے کو شکست دیں گے‘22کروڑافراد ملکی دفاع کیلئےمسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی بیرونی کوششیں جاری ہیں‘کالعدم ٹی ٹی پی منظم ہو رہی ہے‘ پاکستان کے خلاف پڑوسی ملک میں سازشیں کی جارہی ہیں‘کوئٹہ دھماکہ خودکش تھا ، حملہ آور دھماکے کے وقت گاڑی میں ہی بیٹھا رہاجس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ گاڑی کو فرانزک کے لیے بھیجا جاچکا ہے۔
انٹیلی جنس رپورٹس تھیں کہ ملک دشمن بڑے شہروں میں دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں ، وزارت داخلہ کے ماتحت 22 سکیورٹی اداراوں کو سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایات دے دی ہیں‘سوشل میڈیا کا حل نکالنے جارہے ہیں جلد قانون لائیں گے ۔
وہ جمعرات کو وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے دشمن عمران خان حکومت کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔
بلوچستان میں 13چوکیوں کی کمان پولیس کو دے دی تھی ، ایف سی مزید چوکیاں چھوڑنے کے لئے تیار ہے لیکن گذشتہ روز ہونے والے خودکش حملہ کے بعد اب اس بارے میں کچھ سوچ بچار کرنا پڑے گی ‘ایف سی کو کوئٹہ سے نہیں نکالیں گے۔
انہوں نے کہاکہ خودکش دھماکے کے لئے 60سے 80کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا ہے‘انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی جنہیں ایک آنکھ نہیں بھاتی وہ غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، اڑھائی سے 3 لاکھ سوشل میڈیا اکائونٹس صرف بھارت سے گزشتہ 10 دنوں میں کھلے۔
شیخ رشید نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان ملک کی ترقی کا نام ہے، گوادر پاکستان کا مستقبل ہے، چین ہمارا آزمودہ دوست ہے اور ہماری چین سے دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، ایسی صورتحال میں دھماکے کا اصل مقصد پاکستان کے امن کو تہہ و بالا کرنا اور اسے نقصان پہنچانا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابصارعالم کے کیس کی تحقیقات ہو رہی ہیں، متعلقہ اداروں کو دو دن کی مہلت دی ہے، تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو دیکھاجارہا ہے ۔