کوئٹہ(نمائندہ جنگ)مقامی ہوٹل پارکنگ میں ہونے والے خود کش حملے کے4 شہداء کو کوئٹہ میں جبکہ ایک شہیدپولیس اہلکار کو مظفر آباد میں سپرد خاک کر دیاگیا، شہر کی فضاء سوگوار رہی، ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی، دھماکہ خود کش حملہ آور نے کیا جس کے اعضا بھی مل گئے،تفصیلات کے مطابق سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں بدھ کی شب ہونے والے خود کش حملے میں ہوٹل کا ڈپٹی منیجر شاہ زیب، نجی سیکورٹی گارڈز اسد اللہ خروٹی ،نصیب اللہ، محکمہ جنگلات کے ایمل کاسی اور پولیس اہلکار شجاعت حسین شہید ہو گئے تھے، چار شہدا کو کوئٹہ کے قبرستانوں میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خا ک کر دیا گیا جبکہ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی جبکہ شہد پولیس اہلکار شجاعت حسین کی نماز جنازہ پولس لائن میں ادا کی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی بعد ازاں میت آبائی علاقے مظفر آباد روانہ کر دی گئی۔