جنوبی افریقا کے کھلاڑی بورون فورچین نے اسلام قبول کرلیا
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی افریقا کے کھلاڑی بورون فورچین نے اسلام قبول کرلیا

جنوبی افریقا کے اسپینر بورون فورچین نے اسلام قبول کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹر بورون فورچین اور اُن کی اہلیہ نے رمضان کے اس مبارک مہینے میں گزشتہ رات کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔

اسلام قبول کرنے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑی بورون فورچین کا نام ’عماد‘ رکھ دیا گیا ہے اور اس بات کی تصدیق کھلاڑی کی اہلیہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کی ہے۔

اس حوالے سے بورون فورچین نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کیں جن میں اُن کے ساتھ کرکٹر تبریز شمسی اور اُن کی اہلیہ نے اُنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

جنوبی افریقی کرکٹر تبریز شمسی نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں نو مسلم کھلاڑی بورون فورچین اور اُن کی اہلیہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

دوسری جانب تبریز شمسی کی اہلیہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’میں آپ دونوں کو دائرہ اسلام میں دیکھ کر بہت خوش ہوئی ہوں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میری دُعا ہے کہ آپ دونوں ہمیشہ خوش رہیں۔‘

جنوبی افریقی کرکٹر بورون فورچین کی جانب سے اسلام قبول کرنے پر سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد اُنہیں مبارکباد پیش کررہی ہے۔

واضح رہے کہ بورون فورچین نے سال 2020 میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا جبکہ اُنہوں سال 2019 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اپنا ڈیبیو کیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید