• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پچھلےتین دن روحانی سفر میں تھا ،اسلام آباد سےلاہور جی ٹی روڈ پر لگیاں بریکاں تو پھر جہلم میں بابا عرفان الحق کی صحبت میں بیٹھنے اور روحانی تسکین سے مزین باتیں سننے کی سعادت حاصل کی ، گجرات پیر محمد افضل اوران کے صاحبزادےپیر محمدعثمان نےافطاری کا اہتمام کیا ، دل اور احساس کو چھو لینے والی باتیں پلے باندھ کر گھر پہنچا،سفر کے دوران خدمت میں عظمت تلاش کرنے والے عبدالرزاق ساجدکا ذکر خیر بھی ہوتا رہا، عبدالرزاق کا المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ 22 ممالک میں سرگرم عمل ہے ۔ نیک نام سیاستدان ، معروف فلاحی شخصیت اور سابق وفاقی وزیر محمد حنیف طیب نے 1983ءمیں کراچی شہر میںالمصطفیٰ کی بنیاد رکھی تھی۔ حنیف طیب انجمن طلباء اسلام کے بانی صدر ہیں ۔ عبدالرزاق بھی1992 میںاے ٹی آئی کے مرکزی صدررہے،عبدالرزاق نے 2006 میں انگلینڈ میںالمصطفیٰ کے کام کا آغاز کیا۔ المصطفیٰ کئی برس سے ’’روشنی سب کے لئے‘‘ کے سلوگن کے تحت غریب ملکوں میں فری آئی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ایک لاکھ چوبیس ہزار آنکھوں کے مفت آپریشن کئے جا چکے ہیں ۔ہر مریض کوعینکیں ، لینز، ادویات اور کھانا بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے لاہورمیں المصطفیٰ آئی اسپتال قائم کیا ہے ۔ اسپتال میں جدید ترین مشینری نصب کی گئی ہے۔ لاہور کے گرد و نواح میں او پی ڈی کیمپ لگا کر مریضوں کی اسکریننگ کر کے آپریشن کے لئے مریضوں کا انتخاب کرنے اور انہیں اسپتال لانے کا بندوبست کیا جاتا ہے۔ المصطفیٰ دسترخوان بھی شروع کیا جا چکا ہے ۔ عبدالرزاق کی مخلص و متحرک ٹیم نے کورونا وبا کے دوران سخت ترین حالات میں اپنی جانوں اور صحت کی پرواہ کئے بغیر ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے غریب گھرانوں میں اشیائے خور و نوش کے بیگ تقسیم کرنے کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا ۔ المصطفیٰ کی رمضان المبارک کے دوران غریب خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء پر مشتمل فوڈ پیکٹس تقسیم کرنے کی خوبصورت روایت کئی برس سے جاری ہے ۔ سردیوں کے موسم میں مستحق افراد اور غریب خاندانوں کو رضائیاں ، گرم کپڑے ، جرسیاں اور گرم چادریں فراہم کی جاتی ہیں ۔ کراچی میں المصطفیٰ کا یتیم خانہ میرا گھر کے نام سے اپنی شاندار بلڈنگ میں قائم ہے ۔ جہاں سینکڑوں یتیم بچوں کو رہائش ، کھانا ، لباس اور تعلیم فراہم کی جا رہی ہے ۔یتیم بچوں کی کفالت کا منصوبہ بھی جاری ہے، المصطفیٰ کی طرف سے پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں حفاظ پروجیکٹ کے تحت قرآن حفظ کرنے والے خوش نصیب طلباء کو ہر ماہ وظیفہ پیش کیا جاتا ہے اور قرآن مجید کی تدریس کے فرائض سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کی تنخواہیں بھی المصطفیٰ کی طرف سے ادا کی جاتی ہیں ،المصطفیٰ پاکستان کا محرومیوں کے شکار علاقوں تھر ، جنوبی پنجاب اور چولستان میں کلین واٹر پروجیکٹ کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے غریب گھروں اور عوامی گزرگاہوں میں واٹر پمپس کی تنصیب کے علاوہ غریب کاشت کاروں کے لئے آبپاشی کی غرض سے ٹیوب ویل لگائے جاتے ہیں ۔ 2020 میں 11320واٹر پروجیکٹس مکمل کئے گئے جبکہ 319 کمیونٹی واٹر پروجیکٹ بھی مکمل کئے گئے، المصطفیٰ کی طرف سے ہر سال عید الاضحی کے موقع پر مختلف ممالک کے کئی شہروں اور دیہاتوں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب ، محروم اور نادار لوگوں میں انتہائی منظم طریقے سے شاندار پیکنگ میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جاتا ہے۔ المصطفیٰ کے پلیٹ فارم پر ربیع الاول کے مقدس مہینے میں فیصل آباد ، کامونکی اور دوسرے کئی شہروں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور غریب بچیوں کو ضروری گھریلو سامان پر مشتمل جہیز کے ساتھ رخصت کیا جاتا ہے ، المصطفیٰ کے 17 سکولز میں 5988 طلبا مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ مختلف ممالک میں ہنگامی حالات کے دوران 976887 افراد کو محفوظ کیا گیا، غریب گھرانوں میں 41000 فوڈ بیگ تقسیم کئے گئے ،سال میں 7 مساجدکی تعمیر عمل میں لائی گئی ، 478331افراد کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ کی گئی، سال میں814563 افراد کی او پی ڈی اسکریننگ کی گئی، 602 اسکولوں میں میڈیکل کیمپ لگائے گئے، ہونٹ کٹے تالو کٹے بچوں کے 8 ہزار آپریشن کر کے ان بچوں کے چہروں کی مسکراہٹ بحال کی گئی۔ ادارے کی 181 ایمبولنسیں کام کر رہی ہیں ، بے گھر شامی مہاجرین کے لئے المصطفیٰ کی امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں ۔ اسی طرح خانہ جنگی سے متاثرہ یمن میں بھی المصطفیٰ انٹرنیشنل آرگنائزیشن ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ۔ کراچی میں کثیر المنزلہ بلڈنگ میں قائم المصطفیٰ اسپتال برس ہا برس سے خدمات سرانجام دے رہا ہے جبکہ کئی چھوٹے میڈیکل سنٹرز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں غریب افراد کو مفت طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں، اس سفر میںالمصطفیٰ کے ہمسفر بنیں، آپ کے عطیات کسی کی بُجھی آنکھ کی بینائی بحال کر سکتے ہیں ، مرجھائے چہروںپر مسکراہٹ سجانے کا سبب بن سکتے ہیں ۔

تازہ ترین