مقبوضہ بیت المقدس ( نیوز ڈیسک) اسرائیل کے 2 ہزارعہدے داروں نے امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کو ایران کے خلاف خط ارسال کردیا۔ سابق عہدے داروں نے امریکی انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری پروگرام پر مذاکرات میں عجلت سے اسرائیل کو درپیش خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ واشنگٹن فری بیکن کے مطابق یہ خط اسرائیلی دفاع اور قومی سلامتی نے تیار کیا تھا۔ اس پرسیکڑوں اعلیٰ عہدے داروں اور ریٹائرڈ اسرائیلی افسران کی ایسوسی ایشن نے دستخط کیے تھے۔ دستخط کنندگان نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن انتظامیہ اور یورپی ممالک اسرائیل اور خطے کو درپیش خطرات اور خدشات کو نظرانداز کرکے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایرانی حکومت واضح طور پر اسرائیل کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے اورکسی بھی سانحے سے بچنے کے لیے تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ضروری ہے۔ اسرائیلی عہدے داروں نے نشاندہی کی کہ امریکی انتظامیہ اور یورپی طاقتوں کو نئے جوہری معاہدے کے لیے مذاکرات کرتے ہونئے کن اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2015 ء کے اصل معاہدے کی کسی صورت بحالی نہیں ہونی چاہیے۔