• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنڈز عدم فراہمی، اینٹی کرپشن راولپنڈی کی عمارت کا تعمیراتی کام بند

راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) فنڈزنہ ملنے کی وجہ سے محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کی زیرتعمیرعمارت کا تعمیراتی کام بندکردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق اڈیالہ روڈپر جراہی سٹاپ کے قریب پنجاب حکومت کی ملکیتی اراضی پرمحکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کے دفاتر اورتھانہ اینٹی کرپشن کی عمارت کاتعمیراتی کام شروع کیاگیا تھا ،پانچ کنال پرمحیط اس پلاٹ پردومنزلہ عمارت کاڈھانچہ تیارہو چکا ہے لیکن اس دوران ٹھیکیدارکوفنڈزکی فراہمی روک دی گئی جس کی وجہ سے اس نے تعمیراتی کام بندکردیاہے ۔بتایاجاتاہے کہ تعمیراتی فرم کے ذمہ داران کو تاحال ڈیڑھ کروڑروپے کی ادائیگی نہیں کی گئی جب کہ مزیدکام کے لئے بھی فنڈزفراہم نہیں کئے جارہے جس کی وجہ سے اس نے کام روک دیاہے ۔ فی الوقت محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کے دفاتراورتھانہ اینٹی کرپشن مال روڈ پنچ سڑکی کے قریب ایک کرائے کی بلڈنگ میں کام کررہے ہیں جس کے کرائے کی مد میں صوبائی حکومت چارلاکھ روپے ماہانہ ادا کرہی ہے ،یہ عمارت تنگئی داماں کے باعث جہاں عملے کے لئے مسائل کاباعث بنی ہوئی ہے ،وہاں تھانہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کی حوالات نہ ہونے کی وجہ سے حراست میں لئے گئے ملزموں کوتھانہ سول لائن راولپنڈی کی حوالات میں بندکیاجاتاہے ۔محکمہ اینٹی کرپشن ایسٹیبلشمنٹ راولپنڈی کے بعض ملازمین کاکہناہے کہ محکمہ کے دفاترکی تعمیرکے لئے جگہ کاانتخاب بھی سوچ سمجھ کرنہیں کیاگیا اورشہراورکینٹ کی کسی مناسب جگہ کی بجائے دوردرازعلاقہ اڈیالہ روڈپریہ عمارت بنائی جارہی ہے جوفنڈزنہ ملنے کی وجہ سے تاخیرکاشکارہے ۔بہرکیف حکومت اس سلسلے میں فوری طورپرفنڈزجاری کرے تاکہ عمارت جلدازجلدمکمل ہوسکے۔
تازہ ترین