اسلام آباد( نمائندہ جنگ )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر لطیف آفریدی نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مقدمہ میں سپریم کورٹ کے چھ ججوں کی اکثریت سے نظرثانی کی درخواستوں کی منظوری دراصل عدلیہ کی آزادی کے دفاع کرنے والوں کیلئے اس سال کی ایک اہم ترین خبر ہے،جس پر سپریم کورٹ مبارکباد کی مستحق ہے، منگل کے روز ایڈیشنل سیکرٹری شیریں عمران کی جانب سے بھجوائے گئے بیان کے مطابق لطیف آفریدی نے کہا ہے کہ اس مقدمہ کے فیصلے نے اسٹیبلشمنٹ کے کچھ عناصر کے ذریعہ عدلیہ پر غیر مناسب اثر و رسوخ استعمال کرنے کی کوششوں سے متعلق افواہوں کو دور کرکے انہیں شکست دی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسی ٰکے حق میں فیصلہ ایک بہت ہی صحتمند اور خوش کن خبر ہے تاہم یہ ان لوگوں کے لئے ایک بہت ہی بد شگون ہے جو ہمیشہ غلط باتوں پر رہتے ہیں، ہماری آزاد عدلیہ کی ترقی اور ترقی جمہوریت اور آئینی نظام میں جدید دنیا کے رجحانات کے مطابق ہے جبکہ آج کے عظیم دانشور ، اسکالر اور تخلیقی ذہن بھی اسی راہ پر گامزن ہیں،انہوں نے کہا ہے کہ میں ان تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان میں عدلیہ کی آزادی کی علامت کے طور پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی حمایت کی جدو جہد میں حصہ لیا ہے ۔