• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میانمار میں باغیوں اور فوج کے درمیان جھڑپیں‘10 اہل کار ہلاک

ینگون (نیوز ڈیسک) میانمار میں بنگلادیش کی سرحد کے قریب چن نامی صوبے میں باغی نسلی گروہوں اور فوج کے درمیان جھڑپوں میں میانمار کے 10فوجی ہلاک ہوگئے۔ چن لینڈ گروہ کے ذمے دار نے اپنے بیان میں بتایاکہ مندات شہر کے کوہساری علاقے میں جھڑپوں کے دوران 10فوجیوں کو ہلاک کیاگیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ میانمار فوج نے صبح سویرے حملے شروع کر دیے تھے،جس کے بعد جوابی کارروائی کی گئی۔ یاد رہے کہ منگل کے روز بھی تھائی لینڈ کی سرحد سے متصل میانمار کے کیرن باغیوں نے تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب میانمار کی فوج کے اڈے پر حملہ کرکے وہاں قبضہ کرلیا تھا۔ میانمار کی فوج نے یکم فروری سے عوامی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کررکھا ہے۔ میانمار کے کیرن نسلی اقلیتی گروہ کے قوم پرست اپنی ایک علیحدہ آزاد ریاست چاہتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق میانمار کی فوج نے ملک کے جنوب مغربی کاین ریاست میں مارچ سے فضائی حملے شروع کررکھے ہیں۔ ان فضائی حملوں سے بچنے کے لیے کیرن لوگ تھائی لینڈ بھاگنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں۔ یکم فروری کو فوجی بغاوت کے بعد نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی پارٹی (این ایل ڈی)کی حکومت کو معزول کردینے کے بعد سے میانمار فوج کے کنٹرول میں ہے اور سینئر جنرل من آنگ ہلینگ میانمار کے سربراہ بنے ہوئے ہیں۔ باغی فوج نے آنگ سان سوچی اور این ایل ڈی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما ؤں کو قید میں ڈال دیا ہے۔ میانمار کی فوج نے بغاوت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف انتہائی سفاکی کا مظاہرہ کیا۔
تازہ ترین