• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی اصلاحات، اپوزیشن مذاکرات کرے، کراچی ضمنی انتخاب میں کم ٹرن آؤٹ کے باوجود دھاندلی کا شور، واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین، عمران خان


اسلام آباد (خبرایجنسیاں، جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن مذاکرات کرے،کراچی ضمنی انتخاب میں کم ٹرن آئوٹ کے باوجوددھاندلی کا شور،واحد حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے۔

1970 کے سوا ہر الیکشن میں دھاندلی الزامات نے نتائج پر شکوک و شبہات پیدا کئے، اپوزیشن تعاون کرتےہوئے موجودہ انتخابی نظام کی اصلاح میں مدد کرے،ٹیکنالوجی کے باعث ٹرمپ کےدھاندلی الزام ناکام ہوئے،کوئی بے قاعدگی سامنے نہ آسکی،ہماری اپوزیشن بھی ساتھ بیٹھ کر EVMماڈل کا انتخاب کرے۔

ہفتہ کو اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ وہ انتخابی اصلاحات کے لئے ہمارے ساتھ مل بیٹھے،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249میں کم ٹرن آئوٹ کے باوجود تمام جماعتیں دھاندلی کا شور مچا رہی ہیں،انتخابات کی ساکھ صرف ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں مضمر ہے۔

وزیر اعظم نےکہاکہ این اے 249میں ٹرن آئوٹ انتہائی کم ہونے کے باوجود تمام سیاسی جماعتیں دھاندلی کا شور مچا ر ہی ہیں،اسی طرح ڈسکہ اور سینیٹ کے حالیہ الیکشن میں بھی ہوا،بدقسمتی سے 1970 کے بعد پاکستان میں ہر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے جس سےانتخابی نتائج کی ساکھ پر سوال اٹھائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں 133انتخابی حلقوں میں نتائج کے خلاف عذرداریاں دائر کی گئیں،ہم نے صرف چار حلقوں کو کھولنے کا مطالبہ کیا اور ان چاروں حلقوں میں دھاندلی ہوئی تھی۔

تازہ ترین