• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم دو بارہ گنتی کیلئے نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کیلئے تیار ہیں، پیپلز پارٹی


پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فرحت اللّٰہ بابر اور نیر بخاری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے این اے 249 پر ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی درخواست پر دوبارہ گنتی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

امید ہے کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرے گا ہم تو دو بارہ گنتی کے لیے نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

فرحت اللّٰہ بابر اور سید نیر بخاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ 2018 کے الیکشن میں بھی یہی عذر تھا کہ جیتنے کا مارجن 34 حلقوں میں 5 فیصد سے کم تھا، دو حلقوں میں دوبارہ گنتی شروع ہوئی تھی جسے روک دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا اگر ہم اس الیکشن میں ہار جاتے تو یہ معاملہ کبھی نہ اٹھاتے، ہو سکتا ہے کہ دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے ووٹ پہلے سے  زیادہ بڑھ جائیں۔

نیر بخاری نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن میں ضرور جائیں لیکن یہ مت کہیں کہ پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے آئی ہے اور مک مکا کر لیا ہے پھر ہم کہیں گے مک مکا اس وقت ہوتا ہے جب ضمانتیں ملتی ہیں اور بیرون ملک جانے کی اجازت ملتی ہے، ہماری جنگ عمران خان کے ٹولے کے خلاف ہے۔

سید نیر بخاری نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن فیصلے کرے گا ہم تو دو بارہ گنتی کے لیے نہیں بلکہ دوبارہ الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ پی ڈی ایم ہم نے بنائی دوسری جماعتیں ہمارے پاس آئیں، شوکاز نوٹس واپس لیں اور معافی مانگیں۔

تازہ ترین